Special Assistant Dr Shahbaz Gul 36

نوازشریف کا جعلی ویکسینیشن سرٹیفکیٹ پاکستان کے خلاف سازش: معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل

لاہور : وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم نوازشریف کا لاہور میں جعلی کورونا ویکسینیشن سرٹیفکیٹ بننا پاکستان کے خلاف سازش ہے، ڈان لیک سے لے کر ویکسین لیک تک ہر سازش کا کھرا مریم نواز تک ہی جاتا ہے،نوید نامی شخص کو مریم نواز نے یہ ذمہ داری دی، مریم نواز اور ایم پی ایز عمران نذیر اور چوہدری شہباز نے مل کر یہ سازش تیار کی،

کورونا ڈیٹا بیس کو بدنام کرنے کیلئے جعلی سرٹیفکیٹ کا ڈرامہ رچایا گیا، سیاست میں گندی سوچ رکھنے والوں نے ملک کے مستقبل کے بارے میں نہیں سوچا، ملکی سلامتی کیخلاف سازش کرنے والوں کو جواب دینا پڑے گا، ڈان لیکس پر اگر این آر او نہ دیا جاتا تو آج یہ حالات نہ ہوتے۔وہ آج  گورنر ہائوس لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔

ڈاکٹر شہباز گل نے کہا کہ جعلی انٹری کروانے والا ایک ملزم عادل رفیق کوٹ خواجہ سعید ہسپتال میں ملازم ہے جسے ایم پی اے چوہدری شہباز نے 2015 میں ہسپتال میں بھرتی کروایا تھا جبکہ ابو الحسن کو 2017میں بھرتی کروایا گیا جو دونوں تھانہ گجر پورہ میں زیر حراست ہیں اور ایف آئی اے بھی ان سے تحقیقات کرے گی جبکہ تیسرے کیریکٹر نوید کو بھی جلد جرمنی سے واپس لایا جائے گا۔

شہباز گل نے کہا کہ جعلی ویکسینیشن کی خبر سب سے پہلے ن لیگ نے میڈیا کو دی۔انہوں نے کہا کہ صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں جنہوں نے اس معاملہ کوبے نقاب کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں