Federal Minister for Railways Azam Khan Swati press 15

اپوزیشن کے ارکان نے جس روز استعفے دیے 100دیگیں پکوائوں گا : وفاقی وزیر ریلوے اعظم خان سواتی

لاہور ( ویب ڈیسک ) وفاقی وزیر ریلوے اعظم خان سواتی نے کہا ہے کہ ایک سال کے اندر ریلوے کو منافع بخش ادارہ بنائیں گے،محکمہ کی تاریخی عمارات کو محفوظ بناکر آمدن کا ذریعہ بنایاجائےگا،شیخ رشید میرے لئے ریلوے میں کافی اچھا کام کرکے گئے ہیں،بنیادیں بن چکی ہیں عمارت کھڑی کرنا میرا کام ہے،ریلوے ملازمین کی رہائش کے معیار کو بہتر بنایا جارہا ہے،جس دن اپوزیشن ارکان نے استعفے دیے 100دیگیں پکواکر غریبوں کو کھانا کھلائوں گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کے روز ڈی ایس ریلوے ورکشاپس مغلپورہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔وفاقی وزیر ریلوے نے کہا کہ ریلوے کی بہتری کے لئے مزید اقدامات کررہے ہیں،ٹرین کی سمت کو تھوڑا ٹھیک کرنا ہے ،مجھے صرف ریل کوہدایت دینی ہے باقی کام ٹیم نے کرنا ہے،انسانی سیفٹی میرے نزدیک سب سے اہم مسئلہ ہے۔انہوں نے کہا کہ ریلوے میں وکٹوریہ نظام نہیں چل سکتا،ریلوے میں سیاست کی تو یہ ادارہ ڈوب جا ئے گا،ریلوے کو نئی جدت کے ساتھ کمرشل فلائٹ کی طرف لے جارہاہوں۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اداروں میں بہتری لانا ہماری اولین ترجیح ہے،مزدور کے معیار کو بلند کرنا وزیر اعظم کا مشن ہے،مزدور کی مالی حالت بہتر ہوگی تو ترقی آئے گی۔انہوں نے کہا کہ ریلوے مزدوروں کی محنت اور ادارہ کے لئے لگن قابل ستائش ہے،ریلوے مزدوروں کو وزیر اعظم ہائوسنگ پروگرام میں گھربھی دیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ اگر مزدور کی زندگی افسر کی زندگی سے بہتر ہوگئی توہم تبدیلی کی بات کرسکیں گے۔

ایک اور سوال کے جواب میں اعظم خان سواتی نے کہا کہ جن لوگوں نے ملکی دولت لوٹی وہ آج دربدر کی ٹھوکریں کھارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کے ارکان نے جس روز استعفے دیے 100دیگیں پکوائوں گا،استعفے اسی روز منظور کرواکر غریبوں کو کھانا کھلائیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں