sadar arif alvi jashn e azadi 21

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا یوم آزادی کے موقع پر قوم کے نام پیغام

اسلام آباد  (نیوز ایجنسی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے 74ویں یوم آزادی کے موقع پر قوم کے نام اپنے پیغام میں یوم آزادی کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ دن ہمیں قائداعظم محمد علی جناحؒ کی کرشمہ ساز قیادت میں اپنے آباﺅ اجداد کی لازوال قربانیوں کی یاد دلاتا ہے۔ یہ دن ہمیں موقع فراہم کرتا ہے کہ ہم بانیان پاکستان کے نظریات پر عملدرآمد کے عزم کا اعادہ کریں اور تحریک پاکستان کی تاریخی جدوجہد میں شامل تمام ورکرز کو خراج تحسین پیش کریں۔ صدر مملکت نے کہا کہ ماضی کے برعکس یوم آزادی ایک انتہائی مشکل وقت میں منایا جا رہا ہے کیونکہ پوری دنیا کورونا وائرس سے متاثر ہوئی ہے جس کے منفی اثرات معیشت، صحت اور تعلیم سمیت تمام شعبوں پر مرتب ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وبا سے کئی مسائل پیدا ہوئے ہیں لیکن ہم دیکھتے ہیں

کہ ہماری قوم نے اس وبا پر سمارٹ لاک ڈاﺅن کی شاندار حکمت عملی کے تحت قابو پایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے لئے ضروری ہے کہ ہم احتیاطی تدابیر پر عمل جاری رکھیں۔ صدر مملکت نے کہا کہ ماضی میں بھی ہم نے اکتوبر 2005ءکے زلزلہ اور 2010ءکے شدید سیلابوں کے مسائل کا سامنا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج اس پرمسرت موقع پر میں تمام اہل وطن کی کاوشوں کو داد دیتا ہوں جنہوں نے قدرتی آفات کے متاثرین کی مدد کیلئے بھرپور یکجہتی کا مظاہرہ کیا۔

یوم آزادی کے تاریخی دن میں اپنے ڈاکٹروں، نرسوں، صحت کے شعبہ کے کارکنوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں جنہوں نے اپنی کورونا وبا کے دوران اپنی زندگیوں کو خطرے میں ڈال کر لوگوں کی زندگیاں بچائی ہیں۔ مزید برآں میں میڈیا، علمائ، این ڈی ایم اے، این سی او سی، صوبائی حکومتوں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے آگاہی فراہم کرنے اور کووڈ۔19 کے بارے میں ایس او پیز پر عملدرآمد کے کردار کو تسلیم کرتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ احساس پروگرام سے واضح ہوتا ہے کہ جب معاشرے کے تمام طبقات کی سہولت اور تحفظ کیلئے اقدامات کئے جائیں تو عوام متحد ہوتی ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ ہماری معیشت ہر حوالہ سے بہتری کی جانب گامزن ہے اور مجھے یقین ہے کہ ہم اس حوالہ سے مزید بہتر نتائج حاصل کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ یوم آزادی کا دن مناتے ہوئے ہمیں مقبوضہ جموں و کشمیر پر بھارت کے غیر قانونی قبضہ سے متاثرہ اپنے بھائیوں اور بہنوں کو نہیں بھولنا چاہئے جن کو بھارتی قابض افواج کے شدید مظالم کا سامنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت 30 دہائیوں سے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کر رہا ہے اور 5 اگست 2019ءسے جاری لاک ڈاﺅن کے دوران جعلی مقابلوں میں معصوم شہریوں کو ماورائے عدالت قتل کر رہا ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ بھارت تمام اقلیتوں کو نشانہ بنا رہا ہے اور وہ ملک میں ہندوتوا کا نظریہ نافذ کرنا چاہتا ہے لیکن اس کے ان اقدامات سے اقلیتوں کی نفرت اور جدوجہد میں مزید اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے بھارتی مقبوضہ جموں و کشمیر میں جدوجہد کرنے والے کشمیری بھائیوں کو یقین دلایا کہ پاکستان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کی روشنی میں جاری حق خود ارادیت کی ان کی جدوجہد کی حمایت جاری رکھے گا۔

صدر ڈاکٹر عارف علوی نے پاکستانی قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے ہر پاکستانی سے مطالبہ کیا کہ وہ ملک کی ترقی و خوشحالی کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔ انہوں نے کہا کہ قوم کو درپیش سماجی، معاشی اور سلامتی کے مسائل کا مقابلہ کرنے کیلئے ہمیں متحد رہنے کی ضرورت ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں