Medical students protest 29

میڈیکل طلبہ کا احتجاج حق لیکن مار پیٹ کرنا کسی صورت قبول نہیں: شہباز گل

لاہور : وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل نے کہا ہے کہ احتجاج میڈیکل سٹوڈنٹس کا حق ہے لیکن بلڈنگز کے اندر زبردستی داخل ہونا۔ مار پیٹ کرنا کسی صورت قبول نہیں، جب قانون ہاتھ میں لیں گے تو قانون کے مطابق کارروائی ہو گی۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری کردہ اپنے ایک بیان میں انہوں نے لکھا کہ احتجاج میڈیکل سٹوڈنٹس کا حق ہے لیکن بلڈنگز کے اندر زبردستی داخل ہونا۔ عوام کا راستہ روکنا۔ مار پیٹ کرنا۔ ایسی چیزیں قانون کی خلاف ورزی ہیں۔ جب تک آپ قانون کے مطابق احتجاج کریں گے آپکو قانون کے مطابق احترام اور سیکورٹی ملے گی۔ جب قانون ہاتھ میں لیں گے تو قانون کے مطابق کاروائی ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ کسی زمانے میں پاکستانی ڈاکٹرز کی مانگ پوری دنیا میں تھی لیکن اب پچھلے کئی سال سے مڈل ایسٹ سمیت دنیا میں پاکستانی ڈگری کو نہیں مانا جاتا۔ یہ راتوں رات نہیں ہوا، کئی سال کی بدانتظامی، کرپشن، میرٹ کی خلاف ورزی نے غیر معیاری تعلیم نظام کو جنم دیا۔عالمی معیار کو یقینی بنانے کے لئے میڈیکل طلباکے لئے ٹیسٹ کا نیا نظام MDCAT پاکستان میں متعارف کروایا گیا ہے۔

معاون خصوصی کا مزید کہنا تھا کہ یہ نظام امریکا، برطانیہ ، بھارت اور دنیا کے بہت سے ممالک میں کامیابی سے رائج ہے۔ حکومت معیار اور میرٹ کا نظام لا رہی ہے۔ احتجاج کی بجائے اس نئے نظام کو چلنے دیں تا کہ پاکستانی طبی تعلیم بھی علمی معیار کی ہو۔

شہباز گل کا کہنا تھا کہ اسی طرح پورے دنیا میں ڈاکٹرز سے ہر چند سال بعد ٹیسٹ لئے جاتے ہیں اور اس کے بعد ان کا لائسنس ریونیو کیا جاتا ہے۔ پاکستان میں بھی ایسے سٹینڈرڈز کی ضرورت ہے۔ اس لیے ان چیزوں پر بیٹھ کر بات کرنی ہوگی اور احتجاج اور توڑ پھوڑ سے گریز کیا جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں