افغانستان میں نئی حکومت کے قیام کے بعد پی آئی اے 28

افغانستان میں نئی حکومت کے قیام کے بعد پی آئی اے کی پہلی معمول کی پرواز کابل اور واپس اسلام آباد پہنچ گئی

اسلام آباد : افغانستان میں نئی حکومت کے قیام کے بعد پی آئی اے کی پہلی معمول کی پروازاسلام آباد سے کابل اور واپس اسلام آباد پہنچ گئی ۔ قومی ائیر لائن کے ترجمان عبداللہ خان کی طرف سے جاری اعلامیہ کے مطابق پی آئی اے کا بوئنگ 777 طیارہ پی کے 6249 مقامی وقت کے مطابق 45۔9 پر اسلام آباد سے کابل پہنچا اور پیر کی دوپہر 12 بج کر 2 منٹ پر واپس اسلام آباد پہنچ گیا ۔

پی آئی اے کے چیف آپریٹنگ آفیسر ائیر کموڈور جواد ظفر سی ای او پی آئی اے کے نمائندے کی حیثیت سے خود جہاز میں سوار تھے۔ کابل ائیرپورٹ پر خدمات کی بحالی کیلئے افغان سول ایوی ایشن اور مقامی پی آئی اے کے عملے نے خصوصی انتظامات کئے ہیں۔افغانستان میں پاکستان کے سفیر منصور احمد خان اور دیگر سفارتی عملے کی اس سلسلے میں کاوشیں قابل تحسین ہیں۔تربیت یافتہ ائیرپورٹ عملے نے ڈیوٹی جوائن کرکے پرواز ہینڈل کی ۔کابل ائیرپورٹ پر پی آئی اے کا نام اور پرواز نمبر آویزاں ہے۔پی ائی اے کا عملہ بین الاقوامی صحافیوں کو کابل لے کر گیا اور عالمی بنک اور بین الاقوامی خبر رساں اداروں کی ٹیم کو واپس لے کر آیا۔

کابل میں نئی حکومت کے قیام کے بعد یہ پہلی بین الاقوامی مسافر پرواز تھی۔ سی ای او پی آئی اے نے کہا کہ پرواز کا مقصد پاکستان اور افغانستان کے مابین خیر سگالی کو فروغ دینا اور انسانی ہمدردی کی بنیادوں پر آپریشن کو مضبوط کرنا ہے۔پی ائی اے اور پوری دنیا کیلئے یہ آپریشن بہت اہم ہے۔ائیر مارشل ارشد ملک نے کہا کہ رابطوں کی بحالی کے لئے سب ہماری طرف دیکھ رہے ہیں ، امید ہے جلد ہم آپریشن مکمل طور پر بحال کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں