نان ٹیکسٹائل کی قومی برآمدات 19

نان ٹیکسٹائل برآمدات میں گزشتہ مالی سال کے دوران 11.7 فیصد اضافہ ہوا ، ادارہ برائے شماریات

اسلام آباد : نان ٹیکسٹائل کی قومی برآمدات میں گزشتہ مالی سال کے دوران 11.7 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ ادارہ برائے شماریات پاکستان کی رپورٹ کے مطابق مالی سال 2020 کے مقابلہ میں گزشتہ مالی سال 2021 میں نان ٹیکسٹائل برآمدات میں دہرے ہندسےکا یعنی 11.7 فیصد اضافہ ہوا اور دوران سال برآمدات کی مالیت 9.904 ارب ڈالر تک پہنچ گئی۔

گزشتہ مالی سال میں کووڈ۔19 کے لاک ڈائونز کے باوجود چمڑے کے ملبوسات ، آلات جراحی اور انجینئرنگ مصنوعات کی برآمدات میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ رپورٹ کے مطابق مالی سال 2020 کے مقابلہ میں گزشتہ مالی سال 2021 کے دوران چمڑے کے ملبوسات کی برآمدات میں 14.02 فیصد جبکہ چمڑے کے دستانوں کی برآمد میں 22.26 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ اسی طرح گزشتہ مالی سال میں آلات جراحی کی ملکی برآمدات میں 20.36 فیصد اور ادویہ سازی کی صنعت کی مصنوعات کی برآمد میں 28.46 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

مزیدبرآں جفت سازی کی صنعت کی برآمدات میں بھی 4.72 فیصد اضافہ ہوا ہے۔رپورٹ کے مطابق گزشتہ مالی سال میں انجینئرنگ مصنوعات کی برآمدات میں 30.91 فیصد، بجلی کے پنکھوں کی برآمدات میں 37.60 فیصد اور سیمنٹ کی برآمدات میں 3.26 فیصد اضافہ ہوا ہے جس کے نتیجہ میں دوران سال نان ٹیکسٹائل مجموعی برآمدات 11.7 فیصد بڑھ گئیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں