خاندانوں کو کاروبار 16

حکومت ملک بھر کے 60 ہزار خاندانوں کو کاروبار کے لئے 5 لاکھ روپے کے بلاسود قرضے فراہم کرے گی

اسلام آباد : وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور عمر ایوب خان نے کہا ہے کہ حکومت ملک بھر کے 60 ہزار خاندانوں کو کاروبار کے لئے 5 لاکھ روپے کے بلاسود قرضے فراہم کرے گی، کسانوں اور چھوٹے تاجروں کو اڑھائی ارب روپے سبسڈیز کی صورت میں فراہم کئے جائیں گے، حکومت نے ملک میں مہنگائی پر قابو پانے کے لئے اقدامات اٹھائے ہیں، حکومت دو نئے ایل این جی ٹرمینلز بھی لگا رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کی مثبت پالیسیوں کی وجہ سے ترسیلات زر 20 ارب ڈالرز تک پہنچ چکی ہیں، ملک میں زراعت، صنعتی، انفارمیشن ٹیکنالوجی، غیر ملکی تجارت، برآمدات سمیت ہر شعبہ میں ترقی ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سابقہ حکومت نے ایل این جی کے مہنگے معاہدے کئے تھے جبکہ پاکستان تحریک انصاف نے ایل این جی کے معاہدوں پر نظرثانی کرتے ہوئے تقریباً اڑھائی ارب روپے کم لاگت کے ساتھ معاہدے پر دستخط کئے ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ گزشتہ حکومتوں کی ناقص معاشی پالیسیوں کے باعث موجودہ حکومت اربوں روپے کے سود کی ادائیگی کررہی ہے، اس کے علاوہ حکومت دو نئے ایل این جی ٹرمینلز بھی لگا رہی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر عمر ایوب خان نے کہا کہ موجودہ حکومت نے مہنگائی کو کنٹرول کرنے کے لئے بڑے اقدامات اٹھائے ہیں، گزشتہ حکومتوں نے بھاری مقدار میں نوٹ چھاپے تھے جس کی وجہ سے روپے کی قدر میں کمی اور مہنگائی میں اضافہ ہوا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں