Election Commission Code of Conduct Election: Usman Bazdar 9

الیکشن کمشن کوڈسکہ انتخاب نظر آگیا سینٹ میں کچھ دکھائی نہیں دیا:عثمان بزدار

لاہور : وزیراعلیٰ نے ایکسپو سنٹر میں انسداد کرونا ویکسینیشن کیلئے آنے والے بزرگ شہریوں کیلئے فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے ایکسپو سنٹر میں ویکسینیشن کرنے والے ہیلتھ ورکرز کی خدمات کو سراہا اور ان سے گفتگو کی۔ بزرگ شہریوں کی خیریت دریافت کی۔ بزرگ شہریوں نے ایکسپو سنٹر میں دستیاب سہولتوں پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ حکومت پنجاب نے ایکسپو سنٹر میں بہترین انتظامات کئے ہیں۔

ہمیں یہاں ویکسین لگواتے ہوئے کسی قسم کا کوئی مسئلہ درپیش نہیں۔ وزیراعلیٰ  نے کہا کہ پنجاب بھر میں ہیلتھ ورکرز کے ساتھ بزرگ شہریوں کو بھی انسداد کرونا ویکسین لگانے کا مرحلہ شروع ہو چکا ہے۔ جس کیلئے ہر ضلع میں سنٹرز قائم کئے گئے ہیں۔ کرونا کی حالیہ لہر خطرناک صورتحال اختیار کر رہی ہے۔ ان حالات میں اجتماعات دانشمندی نہیں۔ ہم سب کو اولین ترجیح کے طور پر شہریوں کی زندگیوں کا تحفظ کرنا ہے۔ ذاتی مفادات کیلئے انسانی زندگی سے کھیلنا سنگدلی سے کم نہیں۔ بعدازاں وزیراعلیٰ نے چلڈرن ہسپتال کا دورہ کیا اور بحریہ ٹاؤن انٹرنیشنل ہاسپیٹلز کے تعاون سے تعمیر ہونے والے نئے ایمرجنسی بلاک کا افتتاح کیا۔

وزیراعلیٰ نے آئی سی یو وارڈز میں زیرعلاج بچوں کی خیریت دریافت کی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ نئے ایمرجنسی بلاک میں بچوں کے علاج معالجے کی جدید ترین سہولتیں دیکھ کر خوشی ہوئی ہے اوراس نیک کام میں تعاون پر بحریہ ٹاؤن انٹرنیشنل ہاسپیٹلز کے شکرگزار ہیں۔ علاوہ ازیں عثمان بزدار نے کہا ہے کہ پنجاب سہولت بازار اتھارٹی کے قیام سے اشیائے ضروریہ تسلسل کے ساتھ مقرر کردہ نرخوں پر دستیاب ہوں گی۔ پنجاب حکومت نے رمضان المبارک میں عوام کو ریلیف دینے کیلئے7 ارب روپے کے تاریخی پیکیج کا اعلان کیا ہے۔ رمضان پیکیج کی ذاتی طور پر مانیٹرنگ کروں گا اور پائی پائی حقداروں تک پہنچائیں گے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت نے آتے ہی بلاامتیاز اور بلاتخصیص احتسابی عمل شروع کیا اور وزیراعظم کی ہدایات کے مطابق قبضہ مافیا کے خلاف جنگ کا آغاز کیا۔ تمام ریاستی اداروں نے بڑی جرات اور بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے قبضہ مافیا کی کمر توڑی۔ گزشتہ حکومت نے غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیاں بنائیں۔ سرکاری زمینوں پر قبضہ کر کے پٹرول پمپ اور سینما گھر، کمرشل پلازے، ویگن سٹینڈ بنائے۔ اربوں روپے کی ٹیکس چوری، کنورژن فیس اور دیگر محصولات چوری کیے اور ملکی اداروں کی جڑیں کھوکھلی کرنے میں کوئی کسر اْٹھا نہ رکھی۔ گزشتہ دور حکومت میں اداروں اور سیاستدانوں کے گٹھ جوڑ سے ملکی خزانے کو اربوں روپے کا نقصان اْٹھانا پڑا۔

پریس کانفرنس میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہم نے آتے ساتھ ہی اداروں کو سیاسی مداخلت سے آزاد کیا اور خود مختار بنایا اور انہی اداروں نے5 ارب روپے سے زائد مالیت کی سرکاری املاک اور زمینیں واگزار کرائیں۔ واگزار کرائی اراضی میں شہری اوردیہاتی علاقوں کی اربوں روپے کی لاکھوں ایکڑ اراضی شامل ہیں۔ ہماری حکومت تجاوزات اور قبضہ مافیا کیخلاف زیروٹالرنس کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں۔ تجاوزات اور قبضہ مافیا کے خلاف آپریشن وقت کی اہم ضرورت ہے اوریہ آپریشن بلاامتیاز کیا جا رہا ہے اور مستقبل میں بھی جاری رہے گا۔ قیمتی سرکاری اراضی کو قبضہ مافیا سے محفوظ بنائیں گے۔ قبضہ مافیا کے خلاف فوجداری کارروائی بھی عمل میں لائی جائے گی۔ قبضہ مافیا کے خلاف یہ آپریشن ہماری جماعت پی ٹی آئی اور حکومت کے اہم ترین مقاصد میں شامل ہے۔ سرکاری زمین واگزار کرانے کے بعد مزید مثبت مقاصد کیلئے استعمال کی جائے گی جو کہ عوام کی فلاح و بہبود پر مبنی ہوگی۔ اس کام کیلئے چیف سیکرٹری کی سربراہی میں ایک کمیٹی بنا دی گئی ہے۔  کرونا کی تیسری لہر شروع ہو چکی ہے۔ مریضوں کی تعداد میں روزبروز اضافہ ہورہا ہے۔

احتیاط کی بے حد ضرورت ہے۔ ماسک پہننا سب کے لئے ضروری ہے۔ شہریوں کی زندگیوں کا تحفظ سب سے پہلے عزیز ہے۔ الیکشن کمشن کو ڈسکہ کا الیکشن تو نظر آگیا لیکن سینٹ میں جو کچھ ہوا وہ نظر نہیں آیا۔ میرے خلاف شروع دن سے ہی پراپیگنڈا ہورہا ہے۔ میں اپنے کام سے کام رکھتا ہوں۔ مخالفین کی تنقید برائے تنقید کی کوئی پروا نہیں۔ عوام کی خدمت کرنے آیا ہوں اور عوام کی خدمت ہی میرا مشن ہے۔ صوبے کے عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دیں گے۔ جس طرح وفاق نے ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کیا ہے۔ بجٹ میں صوبائی ملازمین کی تنخواہوں میں اسی طرح ریلیف دیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں