آج کا اخبار

بلوچستان کی سلامتی، استحکام اور خوشحالی کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے گا:آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ

کوئٹہ :  آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نےکہا ہے کہ بلوچستان پاکستان کا مستقبل ہے اور صوبے کی ترقی اور خوشحالی کا مطلب ملک کی ترقی ہے۔ بلوچستان کی سلامتی، استحکام اور خوشحالی کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے دورہ تربت اور کیچ کے موقع پر کیا۔ آرمی چیف  نے کہا کہ پاک فوج پائیدار امن اور خوشحالی کے حصول کے لیے صوبائی حکومت کی مدد کے لیے ہر ممکن کوشش کرے گی۔انہوں نے زور دے کر کہا کہ دشمن قوتوں کی جانب سے خلل ڈالنے والی کوششوں کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔

 تربت  دورہ کے دوران آرمی چیف نے پورا دن فوجی جوانوں کیساتھ گزارا۔  انکو  ایف سی بلوچستان (جنوبی) ہیڈکوارٹر میں علاقے کی موجودہ سیکیورٹی صورتحال، پاک ایران بارڈر پر باڑ لگانے اور بلوچستان میں سیکیورٹی کی صورتحال کو غیر مستحکم کرنے کی مخالفانہ کوششوں کا مقابلہ کرنے کے لیے کیے جانے والے اقدامات پر ایک جامع بریفنگ دی گئی۔

آرمی چیف کو بلوچستان حکومت کی حمایت میں فوج کی جانب سے کیے گئے سماجی و اقتصادی اقدامات اور قانون نافذ کرنے والے اداروں (LEAs) کی صلاحیت میں اضافے کے لیے جاری کوششوں کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی۔

 بعد ازاں آرمی چیف نے دورہ کیچ میں وہاں تعینات فوجی جوانوں سے بات چیت کی اور سبڈان ٹاپ کے شہداء کی ہمت اور عزم کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا اور شہداء کا خون رائیگاں نہیں جائے گا۔

  قبل ازیں آرمی چیف کی آمد پر کور کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی نے  انکا استقبال کیا۔

سورس : وی این ایس ، اسلام آباد

[ad_2]
Source link

Related Articles

Back to top button