Joe Biden announces senior White House communications team 21

جوبائیڈن نے وائٹ ہاؤس کی سینئر مواصلاتی ٹیم کا اعلان کر دیا ، جین ساکی کو پریس سیکرٹری تعینات کرنے کا فیصلہ

واشنگٹن ( ویب ڈیسک ) امریکہ کے نومنتخب صدر جوبائیڈن نے وائٹ ہاؤس کی سینئر مواصلاتی ٹیم کا اعلان کر تے ہوئے جین ساکی کو پریس سیکرٹری تعینات کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ 41 سالہ جین ساکی نے قبل ازیں سابق صدربراک اوباماکی حکومت میں ڈائریکٹر کمیونیکیشن سمیت اہم عہدوں پر خدمات انجام دی تھیں۔

امریکہ کی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے کہ وائٹ ہاؤس کی سینئر مواصلاتی ٹیم میں کسی مرد کوشامل نہیں کیا گیا۔ نومنتخب صدر جوبائیڈن اور نائب صدر کملا ہیرس نے یہ اہم فیصلے 20 جنوری کی حلف برداری سے قبل کئے ہیں ۔ ایک بیان میں نومنتخب صدر جوبائیڈن نے کہا کہ مجھے فخر ہے کہ وہائٹ ​​ہاؤس کی سینئر مواصلاتی ٹیم کے لئے صرف خواتین کا انتخاب عمل میں لایا گیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ نئی ٹیم اہلیت ، تجربہ اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی حامل ہونے کے علاوہ ملک کی بہتری کے لئے بھی پُرعزم ہے۔ٹیم کی دیگر6 ارکان میں کیٹ بیڈنگ فیلڈ ڈائریکٹرکمیونیکیشن شامل ہیں ۔ انہوں نے انتخابی مہم میں جو بائیڈن کی ڈپٹی کمپین مینجر کے طور پر کام کیا ۔ ایشلے ایٹین کونائب صدر کملا ہیرس کی ڈائریکٹر مواصلات جبکہ سیمون سینڈرز کو سینئر مشیر اور چیف ترجمان مقرر کیا گیا ہے۔

پلی ٹوبر ڈائریکٹر وائٹ ہاؤس کی نائب جبکہ کیرین جین پیئر پرنسپل ڈپٹی پریس سیکرٹری ہوں گی۔الزبتھ الیگزینڈر خاتون اول جل بائیڈن کی ڈائریکٹر مواصلات کے طور پر خدمات انجام دیں گی ۔ کابینہ کے بیشتر عہدوں کے برعکس ان تقرریوں کے لئے سینیٹ کی منظوری کوضروری نہیں سمجھا گیا۔

واضح رہے کہ نومنتخب امریکی صدر جوبائیڈن کی جانب سے رواں ہفتے اہم نوعیت کی متعدد دیگر نامزدگیاں بھی عمل میں لائے جانے کی اطلاعات ہیں۔نیویارک ٹائمز کے مطابق سیاہ فام خاتون سسیلیا راؤس کو اقتصادی مشاورتی کونسل جبکہ انڈین امریکن نیرا ٹنڈن کو آفس آف مینجمنٹ اینڈ بجٹ کی سربراہی سونپی جا رہی ہے ۔ یہ اطلاعات بھی ہیں کہ جو بائیڈن جینٹ یلن کو امریکی ٹریژری کی سربراہ نامزد کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں جبکہ انہوں نے انٹیلی جنس کی پہلی خاتون سربراہ اور ہوم لینڈ سیکیورٹی کی پہلی لاطینی چیف کا نام بھی لیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں