The Family Protection and Rehabilitation Center 20

فیملی پروٹیکشن اینڈ ری ہیبلی ٹیشن سینٹر تشدد سے متاثرہ خواتین کے لئے ووکیشنل تربیت اور ذہنی دبائو سے نمٹنے کے لئے نشستوں کا انعقاد کر رہا ہے، وزارت انسانی حقوق

اسلام آباد ( ویب ڈیسک ) وزارت انسانی حقوق کے تحت فیملی پروٹیکشن اینڈ ری ہیبلی ٹیشن سینٹر تشدد سے متاثرہ خواتین کے لئے شام کے اوقات میں ووکیشنل تربیت اور ذہنی دبائو سے نمٹنے کے لئے نشستوں کا انعقاد کر رہا ہے۔

بدھ کو وزارت انسانی حقوق کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق ”صنفی بنیاد پر تشدد کے خلاف 16 دن“ ایک عالمی تحریک ہے جو خواتین پر تشدد کی مخالفت کے لئے حمایت کی ایک علامت ہے۔ وزارت انسانی حقوق کے تحت فیملی پروٹیکشن اینڈ ری ہیبلی ٹیشن سینٹر اسلام آباد خواتین کے خلاف تشدد کے خاتمے کے لئے مہم کے سلسلے میں صنفی بنیاد پر تشدد سے متاثرہ خواتین، اسلام اور آئین پاکستان میں خواتین کے حقوق، جہیز پر پابندی اور مرکز میں بچوں کی تحویل سے متعلق سیشنز منعقد کر رہا ہے۔

یہ مرکز خواتین کو تمام اقسام کے تشدد سے محفوظ رکھنے کے لئے اپنی خدمات بھی انجام دے رہا ہے جبکہ اس ضمن میں آگاہی کے لئے 25 نومبر کو اس مرکز نے انسانی حقوق کی آگاہی کے پروگرام کے ساتھ مل کر کام کا آغاز کیا۔ فیملی پروٹیکشن اینڈ ری ہیبلی ٹیشن سینٹر نے صنفی بنیادوں پر تشدد کا سامنا کرنے والی خواتین کے انسانی حقوق کو یقینی بنانے اور اس حوالے سے وزارت انسانی حقوق کی کاوشوں سے متعلق عمومی آگاہی فراہم کرنے کے لئے ایک ریڈیو شو (ریڈیو پاکستان، اسلام آباد) کا اہتمام بھی کیا۔

اس کوشش کا مجموعی مقصد ”خواتین کے خلاف تشدد کی مکمل عدم برداشت“ کے لئے تحریک کے 16 دن کے پیغام کو ملک کے طول و عرض میں موجود متاثرہ خواتین کے سامنے اجاگر کرنا تھا کیونکہ کورونا وباءکے عرصہ کے دوران گھریلو تشدد، سب سے زیادہ رپورٹ ہونے والا جرم تھا۔ تحریک کے 16 دن کی مہم کووڈ 19 کے ایس او پیز کی مکمل پابندی کے ساتھ جاری ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں